اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی سمیرا ملک کی نا اہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، سمیرا ملک کو انتخاب کے دن سے نا اہل قرار دیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما سمیرا ملک قومی اسمبلی کے حلقہ این اے انسٹھ خوشاب سے منتخب ہوئی تھیں۔ مخالف امیدوار کی جانب سے ان کی تعلیمی اسناد چیلنج کیں جس کے بعد سپریم کورٹ نے سمیرا ملک کو جعلی ڈگری کی بنا پر نا اہل قرار دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمیرا ملک کے انتخاب کی قانونی حیثیت ایسے ہے جیسے وہ منتخب ہی نہیں ہوئی تھیں۔انہیں منتخب ہونیوالے دن سے نا اہل قرار دیا گیا ہے، سمیرا ملک آئندہ ہونیوالے کسی بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔