اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخاب کو شفاف بنانا ہے تو ایک، ایک حلقے کو کھولا جائے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھاندلی کے نتیجے میں تحریکِ انصاف بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی، سٹیبلشمنٹ کو انتخابات میں کھلی مداخلت کا اعتراف کر لینا چاہیے، ہم الیکشن کمیشن کا شفاف انتخابات کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں، انتخاب کو شفاف بنانا ہے تو ایک، ایک حلقے کو کھولا جائے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے، ہارس ٹریڈنگ سے بننے والی حکومت قوم کے لیے قابل قبول نہیں ہو گی، تحریک انصاف کے پاس اکثریت نہیں، اپنی حدود میں رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے پراتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے، متحدہ مجلس عمل میں شامل تمام جماعتیں متحد ہیں، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں مشاورت کے بعد احتجاج کا اعلان کریں گے، تاہم کارکن ہر حلقے میں اپنا احتجاج جاری رکھیں۔