الیکشن کمیشن کا 78 لاکھ نئے ووٹرز کے اندراج کا فیصلہ

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں میں 78لاکھ نئے ووٹروں کے اندراج اور فہرست میں موجود ووٹروں کی موت، ترک شہریت یاشناختی کارڈ سے محرومی کی وجہ سے 5لاکھ ووٹروں کے اخراج کا فیصلہ کیاہے۔

ملک میں رائے دہندگان کی تعداد 8کروڑ 63لاکھ سے بڑھ کر 9کروڑ 60لاکھ ہو جائے گی۔ خیبرپختونخوا میں مئی 2015 میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی فہرست میں 12 لاکھ نئے ووٹرز شامل کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ پیر کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس کے دوران انتخابی فہرستوں کی نظرثانی اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران متفقہ طور پر مئی2015 میں خیبرپختونخوا میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے لیے نئے شناختی کارڈ ہولڈر نوجوانوں کے ووٹوں کے اندراج اور وفات پاجانے والے، پاکستانی شہریت ترک کرنے والے یا قومی شناختی کارڈ سے محروم ہونے والے ووٹروں کے نام فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب اور سندھ میں حلقہ بندیوں کی تکمیل کے بعد بقیہ تینوں صوبوں میں بھی یہی عمل دہرایا جائے گا۔ اجلاس کوبتایا گیاکہ عام انتخابات2013 کے بعد نادرا نے78لاکھ نئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ جاری کیے ہیں جوکہ انتخابی فہرستوں میں شامل ہونے ہیں۔