کوہاٹ (جیوڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ باتیں نہیں صرف کام کرتی ہے، مخالفین کو گالم گلوچ کی سیاست کے سوا کچھ نہیں آتا، نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کر رہے ہیں اور آج کے پی سمیت پورے ملک میں نواز شریف کے کام نظر آتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جولائی 2018ء میں عام انتخابات ہوں گے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی اور پاکستان کی بات کی، 3 سال تک فاٹا اصلاحات پر بھرپور کام کیا، فاٹا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ مسلم لیگ نون پورا کرے گی۔
وزیر اعظم نے پہلے عوام سے پوچھا کہ کیا وہ فاٹا کا کے پی میں انضمام چاہتے ہیں؟ پھر بولے ہم فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا معاملہ طے کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی، گالم گلوچ کی سیاست کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔