راولپنڈی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ انھیں جوڈیشل مارشل لا نہیں کہنا چاہیے تھا۔ کہتے ہیں کہ مجھے علم نہیں کہ میرے کیس کا کیا فیصلہ آئے گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوروں نے جمہوریت کے نام پر چھاؤنی ڈال رکھی ہے۔ اللہ سے ڈرتا ہوں، بڑی باتیں نہیں کرتا، سچی بات کرتا ہوں جس وجہ سے انہیں تکلیف ہوتی ہے۔ نواز شریف کہتا تھا عوامی مسلم لیگ ایک سیٹ والا کیا کرے گا۔
شیخ رشید نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف جی ایچ کیو گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں۔ وہ چالاک آدمی ہیں جو کہتے کچھ اور کرتے کچھ اور ہیں۔ عدالت نے انھیں صفائی کو بھرپور موقع دیا لیکن وہ اپنی لوٹی دولت بچانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے ایمانوں کی بڑی تعداد ہے۔ چین کی طرح یہاں چار لوگوں کو گولی ماری جائے تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن فارم کو درست ہونا چاہیے، اگر یہی فارم رہا تو کل ”را“ کا ایجنٹ بھی الیکشن لڑ سکتا ہے۔ ایک سیکنڈ میں پرنٹر سے پرانا فارم نکل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حلقہ بندیوں پر اعتراض ہو گا تو لوگ عدالتوں میں جائیں گے۔ الیکشن اگر کچھ دیر کے لیے آگے ہو جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ الیکشن پندرہ سے بیس دن لیٹ ہو جائیں تو قیامت نہیں آ جائیگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے دور میں ہی الیکشن ہو گا اور ہم بلے کیساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لیں گے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی ختم ہو چکی، اب پتہ نہیں میرے کیس کا کیا فیصلہ آتا ہے۔ سوشل میڈیا کا مجھے کچھ نہیں پتہ، آج تک ٹویٹ نہیں کیا۔ جب (ن) لیگ میں لوگ ہوں تو کوئی ردعمل نہیں ہوتا لیکن تحریکِ انصاف میں آنے پر سوشل میڈیا میں شور مچایا جاتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کو کوٹہ دے گا۔ چاہتا ہوں عمران 15 سیٹیں مذہبی جماعتوں کو دے۔ ہر حلقے میں مذہبی جماعتوں کا ووٹ بینک موجود ہے۔ تمام مذہبی جماعتیں عمران کیساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ میری کوشش ہے عمران میری بات مان جائے۔ اگر کوئی رکاوٹ ہوئی تو تحریکِ انصاف کا اپنا فیصلہ ہوگا۔
عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام کی کتاب پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا کہ ریحام خان عورتوں کی تحضیک کر رہی ہیں۔ جمائما خان ان سے سو درجے بہتر تھی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسحاق ڈار نے پہلے بھی ایک کتاب کے لیے 14 لاکھ خرچ کیے تھے، اب ریحام خان کو شہباز شریف نے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ دیا لیکن ریحام خان کچھ بھی کر لے، عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔