راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کی جائے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی سربراہی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملکی سلامتی، آپریشن ردالفساد، افغانستان کی سرحدوں پر باڑ لگانے اور ملک میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کورکمانڈر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرباجوہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاک فوج ملک میں عام انتخابات 2018 کے آزادانہ، صاف اور شفاف انعقاد کے لیے اپنی خدمات پیش کرے گی۔ تاہم اس دوران سب سے اہم اور اولین ذمہ داری قومی سلامتی پر حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ ہم اپنی ملک کی سرحدوں کے دفاع سے غافل نہیں۔
کورکمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف کو ملک میں جاری آپریشن ردالفساد کی کامیاب کارروائیوں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی جب کہ افغان بارڈر پر باڑ لگانے اور کراچی میں قیام امن سے متعلق کیے گئے اقدامات کی بریفنگ بھی دی گئی جس پر آرمی چیف نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جوانوں اور افسران کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔