ساہیوال (جیوڈیسک) سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، شفاف الیکشن کروانے ہیں تو سب کو برابر مواقع دینا ہونگے، کسی ایک جماعت کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے۔
ساہیوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی شبانہ روز محنت اور جدوجہد کی بدولت پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہو چکے ہیں، ہم نے اپنی پانچ سالہ مدت میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنائے، ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، ساہیوال کا کول پاور پلانٹ ہماری کارکردگی کا عملی ثبوت ہے لیکن نیب میں حاضریاں مسلم لیگ (ن) کی ہوتی ہیں اور آصف زرداری پاک صاف، یہ کیسا انصاف ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، شفاف الیکشن کروانے ہیں تو سب کو برابر مواقع دینا ہونگے، کسی ایک جماعت کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبے عوام کے سامنے ہیں، خان صاحب کی بنائی ہوئی بجلی پتہ نہیں کہاں بیٹھی ہے؟ وہ الزام لگاتے ہیں لیکن ثبوت نہیں لاتے، انہوں نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے میٹرو بس بنانے میں کرپشن کی، اس کے بعد سے میں عدالت میں ان کے پیچھے ہوں اور وہ میرے آگے بھاگ رہے ہیں، وہ تو کیا ان کے وکیل بھی عدالت پیش نہیں ہوئے۔
شہباز شریف نے اعلان کیا جس طرح ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنائے اسی طرح ڈیم بنائیں گے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ملائیشیا اور ترکی کے برابر لائیں گے، ساہیوال میں دانش سکول اور یونیورسٹی بھی بنائیں گے، ہر شہری کو صحت کارڈ بھی دیا جائے گا۔