اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں نقائص تسلیم کیے اس کے باوجود کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ، کپتان کہتے ہیں انتخابی فراڈ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیے بغیر شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ۔
چیئر مین تحریک انصاف نے این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں جہانگیر ترین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ لودھراں کے عوام تبدیلی اور عام انتخابات میں ن لیگ کی دھاندلی بے نقاب کرنے کیلئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں 40 بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ، انتخابی فراڈ اور بد انتظامی پر کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا، انتخابات مسلسل متنازعہ ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں نقائص کو تسلیم کیا لیکن اس کے باوجود کسی ذمہ دار کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی، انتخابی فراڈ کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں ۔