ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر نذر گوندل نے کہا ہے کہ کشمیر الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بہتری مقابلہ کیا اور لوگوں کے تحفظات بھی دور ہوگئے،جس کی بھی وفاق میں حکومت ہوتی ہے اسے کشمیر میں بھرپور پذیرائی ملتی ہے، اس حقیقت کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا۔
مسلم لیگ ن نے وفاقی حکومت میں اقتدار کا بھرپور فائدہ اٹھایا،ان حالات میں بھی پیپلز پارٹی کشمیر میں دوسرے نمبر کی پارٹی بن کر ابھری ہے،پاک فوج کے علاوہ کوئی بھی حکومتی ادارہ لوگو ں کو ڈیلیور نہیں کر پارہا ، انکا کہنا تھا کہ اگر ٹوٹل کاسٹ ووٹوں کا تناسب دیکھا جائے تو پیپلز پارٹی پر لوگوں نے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،انکا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی حکومت کا وجود کہیں نظر نہیں آتا۔
انھوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف لوگوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے بلکہ اسکی کارکردگی تمام اداروں سے بہتر ہے اسی لئے لوگوں کا اعتماد پاک فوج پر ہے۔