کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 246 کے انتخاب میں اگر عوامی مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی تو الیکشن کمیشن کو برابر کا ذمہ دار سمجھیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جماعت اسلامی شناختی کارڈ چھیننے کا الزام ایم کیوایم پر لگا رہی ہے اس نے ہر الیکشن میں لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہم جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں جب کہ اگر کسی کا شناختی کارڈ چھینا گیا ہے اس کی ایف آئی آر درج کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین پروپیگنڈا کرکے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ لوگ اپنی شکست کو تسلیم کرنے کے لیے جواز تلاش کررہے ہیں، گھوسٹ پولنگ اسٹیشن کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اگر ضمنی انتخاب میں عوامی مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی تو اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن کو بھی سمجھیں گے جب کہ کوئی مسئلہ ہے تو اس کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں پروپیگنڈا نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام اختیارات مل گئے ہیں، سب کی فرمائشیں پوری کی جارہی ہیں لیکن ہمارے ایک مطالبے کو نہیں مانا جارہا، الیکشن میں 2 روز رہ گئے ہیں فافن اور دیگر غیرجانبدار مبصرین کو اب تک کیوں نہیں بلایا گیا ہے۔
اس موقع پر این اے 246 سے ایم کیوایم کے امیدوار کنورنوید جمیل نے انتخابی حلقے کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں ووٹرز کی اکثریت غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہےاس لیے ووٹرز کی ممکنہ پریشانی کو بھی مد نظر رکھا جائے۔
واضح رہے کہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 23 اپریل کو ہوگی جس میں ایم کیوایم کی جانب سے کنور نوید جمیل، تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی راشد نسیم امیدوار ہیں جب کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔