انتخابات کے ذریعے قوم کو دھوکا دیا جارہا ہے,اقتدار میں کسے لانا ہے پہلے ہی طے کیا جاچکا ہے
Posted on May 11, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : حلقہ پی ایس 128 لانڈھی کراچی سے سندھ اسمبلی کیلئے امیدوار محمد رئیس نے انتخابات کے بائیکاٹ اور انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کی شفافیت کا پول کھل چکا ہے اور ثابت ہوگیا ہے کہ الیکشن کا جھانسہ دیکر قوم پر من پسند افراد کو مسلط کرنے کی سازش کی گئی ہے۔
انہوں نے انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو دی جانے والی کھلی چھوٹ کے زریعے عوام کو خوفزدہ کرنے کی سازش کے بعد لانڈھی میں کرائے گئے بم دھماکے بھی انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کا سبب بنے جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل کی فراہمی اور انتخابی عمل کے آغاز میں تاخیر کے ساتھ پولیس،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکے اہلکاروں کی ووٹرز سے بدسلوکی کے ذریعے انہیں انتخابی عمل سے دور کرنے کی دانستہ کوشش اس بات کا ثبوت ہے۔
پاکستانی قوم کو حق رائے دہی کے نام پر بے وقوف بنانے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ درحقیقت اقتدار میں کس کو لانا ہے یہ پہلے طے کیا جارہا ہے باقی تمام کی تمام انتخابی مشق محض عوام کو بے وقوف بنانے اور اپنے پسندیدہ افراد کے اقتدار پر عوامی حمایت کا ٹھپہ لگانے کیلئے کی جارہی ہے۔