انتخابات میں پیپلز پارٹی کیخلاف عالمی سازش ہوئی : زرداری

Zardari

Zardari

لاہور(جیوڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کچھ عالمی سازش ہوئی، کچھ مقامی اداروں نے بھی سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ صدارت کی مجبوریاں تھیں اور کچھ سیکیورٹی کی اس لئے انتخابی مہم نہ چلا سکے۔بلاول ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ہم قومی اور عالمی اداروں کی سازش کا شکار ہوئے۔ پنجاب سے40 سے 45 نشستیں حاصل کر سکتے تھے۔

جو نہیں مل سکیں۔ بینظر بھٹو شہید کے دور میں بھی ہمیں کچھ سیٹوں تک محدود کر دیا گیا تھا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سینئر رہنما چودھری اعتزاز احسن کے زیر صدارت کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرے گی۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد ہم مکمل طور پر آزاد ہو جائیں گے۔

میں پارٹی کو فعال بنانے کے لئے خود بھی میدان میں نکلوں گا اور میرے تینوں بچے بھی ایک عام کارکن کی طرح پارٹی کی خدمت کرینگے۔ ہم پوری تیاری کے ساتھ پارٹی کو فعال بنائیں گے۔ بلاول بھٹو پنجاب کی سیاست کرینگے۔ میں لاہور میں ڈیرے لگائوں گا۔ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سے جو غلطیاں ہوئی اس کا ازالہ کرینگے۔

ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ جیالوں کو مفاہمت کی سیاست پسند نہیں ہے۔ کارکن کہتے ہیں تو میں میاں محمد نواز شریف کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دے دیتا ہوں۔