اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو آج رات 12 بجے انتخابی مہم ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو آج رات 12 بجے انتخابی مہم ختم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ووٹ کی رازدارانہ نوعیت برقرار رکھی جائے، انتخابی مہم کے آخری دن تمام امیدوارعوامی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کی بیالیس نشستوں پرضمنی انتخابات کامیدان سجنے میں صرف دودن باقی ہیں۔ بائیس اگست کو ہونے والے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکس سمیت انتخابی سامان ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن کو صاف شفاف اور آزادانہ بنانے کیلئے چار ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کے مطابق فوج انتہائی حساس قرار پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ پر متعین فوجی افسروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیار دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت انہیں الیکشن کے دوران گڑبڑ کرنے والوں کو گرفتار کرنے اور سزا دینے کا اختیار حاصل ہو گا۔پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو گی اور بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو الیکٹرانک پرچی کے ذریعے ووٹ کا اندراج معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 8300 پر شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اندراج معلوم کیا جا سکتا ہے۔