لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے مدینہ منورہ میں انصافین کے عہدیداروں سرفراز خان نیازی اور احسان درانی کی قیادت میں ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا۔
کہ سرز مین مقدس سعودیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے دل کپتان عمران خان اور پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں،اسلام ، جمہوری نظام اور پاکستان سے محبت کرنیوالے عمران خان اور تحریک انصاف کو نہیں چھوڑ سکتے۔
ادھرپی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہواتھاجس کے ثبوت منظرعام پرآنا شروع ہو گئے ہیں۔ تحریک انصاف پنجاب کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے غریب عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔
ادھراپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید نے رائیونڈ آپریشن میں مارے جانے والے نوجوان دہشت گردوں کے حوالے سے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق اور بارود دینے کے ذمہ دار وہ حکمران ہیں جنہوں نے قومی دولت نوجوانوں کو تعلیم اور روز گار دینے کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے بجائے لیپ ٹاپ، سولر لیمپ اور پیلی ٹیکسیاں دینے کے سیاسی ڈراموں پر خرچ کی۔