لاہور(جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری ہے،لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کاڈیفنس لاہور میں دھرنا تیسرے دن بھی جاری ہے جبکہ پشاور میں جے یو آئی کے حامیوں نے احتجاجی طور پر سڑکیں بند کر دیں۔لاہور میں مظاہرین کی جانب سے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 125میں مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی جیت کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کا ڈیفنس غازی چوک میں اتوار کی شام 5بجے سے دیئے جانیوالا دھرنا تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔خواتین ، بچے اور نوجوان جوق در جوق دھرنے میں شرکت جاری رکھے ہوئے ہیں اور پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں جہاں جہاں دھاندلی سے انتحابی نتائج تبدیل کئے گئے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ دھاندلیوں کے خلاف از خود نوٹس لے وگرنہ تھریک انصاف ملک گیر تحریک چلائے گی۔پشاور میں جے یو آئی نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سڑکیں بلاک کر کے احتجاج کیا۔جے یو آئی کے ہزاروں کارکن ہشتنگری چوک میں جمع ہوئے اور جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔ٹریفک جام ہونے سے کئی ایمبو لینس بھی پھنس گئیں۔
مظاہرین نے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں اور الیکشن کمیشن کے دفتر کی جانب بڑھنے لگے تاہم پولیس نے مظاہرین کو صوبائی اسمبلی کے سامنے روک لیا ۔احتجاج کے باعث شہر کی تمام شاہراہوں پر پر گاڑیاں پھنس گئیں اور ٹریفک کو ذیلی سڑکوں کی جانب موڑنا پڑا۔کوئٹہ میں مسلم لیگ ن اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے انتخابی دھاندلی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔