انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کوئی ثبوت نہیں، آفتاب شیرپاؤ

Aftab Sherpao

Aftab Sherpao

کوئٹہ (جیوڈیسک) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ دھرنے دینے والے اپنا احتجاج ختم کرکے مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ تقریباً ڈھائی برس سے اکبر بگٹی قتل کیس میں پیش ہورہے ہیں لیکن اب تک اس مقدمے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس مقدمے پیش رفت ہو تاکہ ان کی بے گناہی ثابت ہوسکے اور اس واقعے کے اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو ہم بھی عمران خان کا ساتھ دیں گے لیکن اس سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ چین سمیت دیگر ممالک کے صدور کے دوروں کے ملتوی ہونے سے ملک کو شدید نقصان ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس وقت دھرنے ختم کردیئے جائیں اور سب مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، اس سلسلے میں حکومت نے تو کافی لچک کا مظاہرہ کیا لیکن اب دھرنے والے بھی لچک کا مظاہرہ کریں۔