پشاور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور میں ہمایوں خان کی رہائشگاہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بنی بنائی سڑک کو دوبارہ بنانے کیلئے 20 ملین روپے لگائے جا رہے ہیں، یہ پیسہ فاٹا پر کیوں نہیں لگاتے؟
آصف زرداری نے کہا کہ جب غریب کے حالات بہتر ہوں گے تو پاکستان کے حالات بہتر ہوں گے، پہلے ہم چینی اور گندم درآمد کر رہے تھے، اب زمیندار اور ہاری کو باردانہ نہیں مل رہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران خیبر پختونخوا پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، آج زمیندار اور ہاری باردانہ کیلئے رُل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی ہونی چاہئے کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات ہونے چاہیں، حکومت سے تینوں بارڈر سنبھالے نہیں جا رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا دورہ پشاور پہلے تین دن کا تھا لیکن جب باتیں کی گئیں تو انہوں نے بھی دورے کو اور لمبا کر دیا۔