اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ آنے سے پہلے عمران خان اپنا فیصلہ نہ سنائیں، وہ عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید کا اپنے ایک بیان میں مزید کہنا تھا کہ عمران خان گالی کی سیاست کے بانی ہیں، وہ اپنے گریبان میں جھانک کر تھوڑی مذمت اپنی زبان کی بھی کر لیں۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان خود کنٹینر پر کھڑے ہو کر دن رات جھوٹے الزامات لگاتے ہیں، کسی کے سچ بولنے سے انہیں کیوں تکلیف ہورہی ہے، اسد عمر عمران خان کے ساتھ ہوں تو وہ سچے، اسد عمر کا بھائی حکومت کے ساتھ ہے تو اس پر اعتراض ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شریف خاندان کے تمام ٹیکس ریکارڈ جلد میڈیا پر پیش کر دیں گے۔