اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے مبینہ طور پر بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر مبینہ طور پر ووٹروں کو ترقیاتی منصوبوں کا لالچ دے رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سردار مظہر حسین نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو کل صبح ساڑھے 11 بجے پیش ہونے کا نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی آڈیو زیر گردش ہے جس میں آپ ووٹرز کو ترقیاتی منصوبے دینے کا وعدہ کر رہے ہیں، آپ پارٹی امیدواروں کو کہہ رہے ہیں کہ جلد ملٹی ملین منصوبوں کے ٹینڈرز جاری ہو رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وضاحت کے لیے آپ ذاتی حیثیت میں ضلعی الیکشن کمشنر صوابی کے دفتر آئیں۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو بھی مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیوز چینلز پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آڈیو گردش میں ہے جو قانون کے تحت کرپٹ پریکٹس اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، پیمرا اسد قیصر کی آڈیو کا فارنزک کرائے اور معاملے پر معلومات 15 دسمبر تک فراہم کی جائیں۔