لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام تر توانائیاں مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کی جا رہی ہیں لیکن 2018ء کے انتخابات میں دھرنے دینے والوں کا دھڑن تختہ کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے زیرِ صدارت جاتی امراء میں اہم نوعیت کا پارٹی اجلاس ہوا جس میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی شریک تھے۔
سابق وزیرِاعظم کے زیر صدارت اجلاس میں موجودہ سیاسی، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی امور پر مشاورت کی گئی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تمام تر توانائیاں مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود 2018ء کے انتخابات دھرنے دینے والوں کا دھڑن تختہ کردیں گے، مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ووٹ کو عزت دو ہی ہو گا۔
اس موقع پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دوبارہ اقتدر میں آ کر پورے ملک کو یکساں ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے جبکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کہ اداروں کے درمیان محاذ آرائی نہیں چاہتے، ماضی میں بھی تمام کیسز میں سرخرو ہوئے، اب بھی ہونگے۔