کرک(جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکہنا ہے کہ تین ہفتے بعد الیکشن جیت کر عوام کو نئے پاکستان کا تحفہ دیں گے، پاکستان سے امریکی غلامی کا خاتمہ ہوگااور قبائلی علاقوں سے فوج واپس بلائیں گے ۔عمران خان کرک میں انتخابی جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آپ سب کو گھر گھر جانا پڑے گا، لوگوں کو کہنا ہوگا ہم نیا پاکستان چاہتے ہیں۔
اوپر اللہ اور نیچے بلا ہے، بلے سے صرف چھکے نہیں ہوں گے بلے سے پھینٹی بھی لگائیں گے، انہوں نے کہا کہ نہ خود کبھی جھکے نا قوم کو جھکنے دیں گے، ہمیشہ سچ بولیں گے۔ مرجائیں گے مگر وعدہ خلافی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 3ہفتوں کے بعد ہم نئے پاکستان کا آغآز کریں گے، آپکو بتانا چاہتا ہوں نیا پاکستان کیا ہوگا۔
سب سے پہلے امریکا کی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔ہم پاکستانی قوم کے اندر امن لائیں گے،امریکی جنگ سے نکلیں گے۔مذاکرات کے ذریعہ قبائلی علاقوں کے ذریعہ امن لائیں گے، فوجیوں کو واپس لائیں گے۔
اپنی فوج کو بچائیں گے۔ کرک کے بعد عمران خان ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے، جہاں انتخابی جلسے سے خطاب میں ان کاکہنا تھا کہ 5، 5باریاں لینے والوں کی نورا کشی ختم ہوچکی،اب تحریک انصاف الیکشن جیت کر عوام کو نئے پاکستان کا تحفہ دے گی۔