کراچی(جیوڈیسک)مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین نے کہا ہے کہ اگر مسلم لیگ ق عام انتخابات میں کامیاب ہو گئی تو سب سے پہلے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین نے سندھ اور وفاق سے حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد وفاق اور صوبے میں مخلوط حکومت بنتی نظر آ رہی ہے یہ انتخابات تمام جماعتوں کے لئے ایک امتحان ہے۔ مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور دس جماعتی اتحاد بنتا دکھائی دے رہا ہے۔
امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کی اجازت دینا تاریخی لحاظ سے انتہائی غلط فیصلہ تھا۔