کراچی (جیوڈیسک) ہم انتخابات میں تاخیر کے حق میں نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی ایک رائے رکھتی ہے کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہیں۔ پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے کہ انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلوں کی اطلاع ملی ہے لیکن ابھی تفصیلی فیصلے نہیں مل سکے، نامزدگی فارم کا بھی تفصیلی فیصلہ نہیں ملا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نامزدگی فارم کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد اضلاع میں حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ اگر ازسرِ نو حلقہ بندیاں ہوں گی تو اس پر بھی اعتراض کا حق ہو گا۔ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی نظام انتخابات کو التوا میں ڈال رہا ہے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ الیکشن کے فارم آج جاری ہونے تھے اور کل سے جمع ہونے تھے۔ نئے فارم چھپنے اور اگر کسی عدالت میں چیلنج ہونے سے کافی وقت لگ جائے گا۔ یہ سارا سسٹم الیکشن میں تاخیر کی طرف جا رہا ہے۔