اسلام آباد(جیوڈیسک) اسلام آباد انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک میں بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے گئے۔کراچی میں شارع فیصل پر نرسری کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا۔کراچی کے حلقہ این اے 250 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی نے ریلی نکالی اور حلقے میں دوبارہ الیکشن کی درخواست جمع کرائی۔لاہور میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے ڈیفنس کے لالک چوک اور اچھرا میں دھرنا دیا۔
جماعت کے رہنما احسن رشید نے کہا کہ پورے پنجاب میں دھاندلی ہوئی جس پر صوبے بھر میں احتجاج کیاجائے گا۔اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں نے ڈی چوک پردھرنا دیا۔ یہاں بھی مظاہرین نے بعض حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیاہے۔راول پنڈی میں جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے تحریک انصاف کیکارکنوں نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفترکے باہر احتجاج کیا۔
فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلع کونسل کے سامنے دھرنا دیا ، اور انتخابی نتائج ماننے سے انکار کرتے ہوئے مختلف حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔نصیر آباد میں این اے 266 پر مبینہ دھاندلی کے خلاف آزاد امیدوار سلیم خان کھوسہ کے حامیوں نے احتجاج کرکے روڈ بلاک کردیا ہے۔ مظاہرین گزشتہ روز صبح گیارہ بجے سے ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔