کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے بلدیاتی انتخابات میں جیتنے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ منتخب امیدوار عوام کی خدمت کا عزم کریں،عوام کی خوشحالی جیت کی سب سے بڑی خوشی ہے، اقتدار وعہدہ اللہ کی دین ہیںاس کے جائز استعمال میں ہی اللہ کی خوشنودی ہے اور ہرمسلمان کیلئے تمام چیزوں پر اللہ کی خوشنودی مقدم ہے۔
پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا پرامن ہونا کراچی کے عوام کی سب سے بڑی خوش قسمتی ہے قانون نافذکرنے والے اداروں، گورنر سندھ ، ڈی جی رینجرز ، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام خراج تحسین کے مستحق ہیں جن کی کوششوں سے شہر میں پرامن انتخابات ہوئے اور کوئی بڑا سانحہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات شہر قائد کے عوام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل تھے جس میں عوام نے کھل کر حق رائے دہی کا استعمال کیاہے، انہوںنے کہاکہ شہر قائد سمیت وطن عزیز کی بھلائی اسی میں ہے کہ اہل اقتدار اپنی سیاست چمکانے کے بجائے عوام سے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے پر توجہ دیں۔
الیکشن سے قبل بلند بانگ دعوے اور وعدے کرکے مکرجانا ہمارے سیاسی قائدین کی پہچان بن چکاہے اب سیاستدانوں کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی اور عوام کی خدمت پر توجہ دینی ہوگی ، انہوں نے کہا پورے کراچی سے منتخب امیدوار مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان پر عوام نے اعتماد کرکے ان کو منتخب کیاہے اور امید کرتے ہیں منتخب امیدوار عوام کے اعتماد پر پورے اتریں گے ،اسلئے ضروری ہے کہ جیتنے والے امیدوار اپنی ذمہ داریوںکا احساس کریں اور روز اول سے ہی عوامی خوشحالی کے اقدامات پر توجہ دیں، انہوں نے کہاکہ عہدہ اللہ کی دین ہے اس کے ملنے پر اللہ کا شکر اداکرنا چاہے۔
انہوں نے کہاکہ جولوگ حالیہ انتخابات میں منتخب ہوئے ہیں امید ہے کہ وہ عوامی امنگوں کے مطابق کام کریں اور مفادپرستی اورتعصبات کی سیاست کو مسترد کرکے باہم اتحاد ویکجہتی کے فروغ کا باعث بنیں گے ، انہوںنے کہاکہ شہر قائد کوحقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے نمائندوں کو تمام تعصبات کو بالائے طاق رکھ کر شہر کی ترقی وخوشحال کیلئے کام کرنا ہوگا،انہوںنے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں دینی جماعتوں کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ باہم اتفاق واتحاد کا فقدان ہے۔