پشاور(جیوڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزئی رہنما الیاس بلور نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی پر پابندی عائد کی جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر الیاس احمد بلور نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی پر پابندی عائد کی جائے۔
جماعت اسلامی تحریک طالبان کی اے ٹیم اور دہشت گرد تنظیم ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہونیوالے کارکنوں کی عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ دیر میں جماعت اسلامی کے 96 ہزار بوگس ووٹ پکڑے گئے ہیں۔
جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جماعت اسلامی دھوکا دہی سے اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کہا کہ اگر کسی پولنگ سٹیشن پر اضافی ووٹ پول ہوتے ہیں تو اس کی ذمہ داری جماعت اسلامی پر عائد کرے کیونکہ یہ جماعت دھوکا دہی سے ووٹ لے رہی ہے۔
سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت عوام کو ووٹ ڈالنے سے ڈرایا جا رہا ہے۔ انشااللہ تعالی 11 مئی کو عوام اے این پی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈال کر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے۔