اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 لاہور کے تمام امیدواروں کو 28 اگست کو طلب کر لیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نیتحریک انصاف کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ 150 لاہور میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر عوامی نمائندگی ایکٹ کے سیکشن کے تحت ازخود نوٹس لیا ہے۔
دوبارہ گنتی کی درخواست خود سننے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی پی 150 لاہور کے تمام امیدواروں کو 28 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں ریٹرنگ افسر نے فیصلہ سناتے ہوئے حقائق کومد نظر نہیں رکھا۔ پی پی 150 لاہور سے مسلم لیگ ن میاں مرغوب احمد کو کامیاب قرار دیا گیا۔
دوسرے نمبر پر آنے والے پی ٹی آئی کے مہر واجد عظیم نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی۔ تحریک انصاف کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 لاہور سے جیتنے والے امیدوار کا صرف 350 ووٹوں کا فرق ہے اس لئے دوبارہ گنتی کرائی جائے۔