اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن پر کچھ حلقوں کی جانب سے کی جانے والی بے جا تنقید بند ہونی چاہئے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کمیشن توہین عدالت کے اختیارات استعمال کرے گا۔
الیکشن کمیشن میں ذرائع سے گفتگو میں اشتیاق احمد نے کہا کہ کچھ حلقے الیکشن کمیشن پر بے جا تنقید کر رہے ہیں جس کو بند ہونا چاہئے اگر بے جا تنقید کا سلسلہ جاری رہا تو الیکشن کمیشن توہین عدالت کے اختیار استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے امیدوار اسحاق خاکوانی نے حلقے میں دھاندلی کے الزام لگا کر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا۔
کمیشن نے ان کی بات پوری طرح سنی مگر وہ الزامات ثابت کرنے کے لئے کوئی ٹھوس دلائل نہ دے سکے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے دائر کی گئی درخواستوں کو نمٹانے کے لئے ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ سیشن ججز کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور 20 دن کے اندر ان درخواستوں پر فیصلہ کر دیا جائے گا۔