لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا بلاول ہائوس لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کو بچانے کیلئے نواز شریف کی سپورٹ کی۔
نواز شریف کو حوصلہ دیا تاکہ وہ ڈٹ کر جمہوری اداروں کا تحفظ کر سکیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک کل بھی تھا اور آج بھی ہے۔ سیاست میں اپنی جگہ کیسے بنانی ہے خوب جانتا ہوں۔ وقت آنے پر ثابت کر دوں گا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔
پارٹی رہنمائوں کی تجاویز نوٹ کر رہا ہوں۔ کارکنوں کے درمیان خیلج کو بتدریج دور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سیاست کی کچھ قوتیں پاکستان میں ابھی تبدیلی نہیں چاہتیں۔ انتخابات تین سال بعد ہوں یا دیر سے پیپلز پارٹی اس کا فیصلہ کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست میں پانی کا بُلبلہ ہیں جسے بنانے والا ہاتھ کوئی اور ہے۔
عمران خان کو کھڑا کرنے والی قوتیں کوئی اور ہیں۔ زرداری نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ میں تحریک انصاف اور (ن) لیگ کے درمیان ہونے والی لڑائی کا مزہ لے رہا ہوں آپ بھی لیں، کیونکہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی سوچ ایک جیسی ہے۔