اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت انتخابات 2013 میں دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے کمیشن بنانے کی درخواست کررہی ہے اب اس کے بعد یہ فیصلہ قوم پر چھوڑتا ہوں کہ اب کسی احتجاج کی ضرورت ہے وہ قوم خود سوچے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ یوم آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز یکم اگست سے ہوچکا ہے اور ان تقریبات میں آپریشن ضرب عضب اور شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں کے خصوصی حوالے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا اہم تقاضہ یہ بھی ہے کہ وطن عزیز سیاسی استحکام اور پرسکون ماحول میں تعمیر و ترقی کی روشن منزلوں کی طرف بڑھتا رہے کیونکہ ہم ماضی میں انتشار کی بہت بڑی قیمت ادا کر چکے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2013 کو ملکی و غیر ملکی میڈیا نے کوریج دی اور 200 کے قریب غیر ملکی مبصرین نے انہیں شفاف قرار دیا لیکن ایک خاص جماعت کی جانب سے انتخابات میں مسلسل دھاندلی کا الزام لگایا گیا جس کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی سپریم کورٹ کے کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں گی جس کے لیے حکومت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ رہی ہے۔