کراچی(جیوڈیسک) کراچی انتخابات میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی اور لاہور میں مظاہرے کئے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے احتجاج کا نوٹس لیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں ووٹنگ کے دوران مبینہ دھاندلی کے خلاف کراچی کے علاقے کلفٹن پر مظاہرہ کیا گیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ کراچی میں انتخابات کے دن جب ووٹ ڈالنے گئے توگھنٹوں پولنگ اسٹیشن پر کھڑے رہے لیکن کہیں بیلٹ باکس نہ پہنچے تو کہیں مہریں نہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی پسند کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا، لہذا پورے کراچی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ اس سے پہلے دن میں بھی ڈیفنس کلفٹن کی سڑکوں پر کڑی دھوپ میں ریلی نکالی گئی۔
ادھر لاہورسے جاری بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور اور کراچی میں بڑھتے ہوئے احتجاج میں دھاندلی کے عینی شاہد شرکت کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ احتجاج کرنے والے اپنے حق کیلئے لڑ رہے ہیں اوروہ ان کے اس عمل کو سراہتے ہیں ،یہ ہے ہمارا نیا پاکستان ،الیکشن کمیشن ان کے احتجاج پر فوری ایکشن لے۔