اسلام آباد (جیوڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات ان کا خواب ہے۔ ہم انتخابات کے نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کریں گے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2007 میں جب چارج سنبھالا تھا تو اس وقت بھی ان کی کوشش تھی کہ انتخابات میں کسی طرح کی مداخلت نہ ہو۔ہم نے پانچ برس آئین کے الفاظ اور روح کے عین مطابق جمہوری عمل کا ساتھ دیا اور آج بھی وہ منصفانہ انتخابات اور پر امن انتقال اقتدار کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ لوگ شکوک وشبہات کا اظہار کرتے رہے۔
ہماری نیک نیتی بیانات سے نہیں،ہمارے عمل کی شکل میں سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہوں۔2008 میں ہم نے مداخلت روکی تھی اور آج بھی ہمارا یہی مشن ہے۔ فوج نے چیف الیکشن کمشنر کو مکمل مدد اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔
اپنے نمائندے چننا عوام کا حق ہے،ہم انتخابات کے نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری آئینی ذمہ داری یہ ہے کہ جو بھی حکومت بنے اس کا ساتھ دیں۔