تمام کارکنان سیلاب زدگان کی مدد کریں، پرویز مشرف

 Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی (جیوڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد و چیئرمین اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنانے کے ساتھ مشکل کے ہر لمحے میں قوم کی امداد اور متاثرین کی بحالی کا فریضہ ہمیشہ جانفشانی ودیانتداری سے انجام دیا ہے اور آج جب دھاندلی کے ذریعے اقتدار پانے والوں کی اقربا پروری، نا اہلی، ناقص حکمت عملی اور کرپشن کے باعث برسات کی کثرت سیلاب کی صورت میں عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے تو اس موقع پر بھی افواج پاکستان نے امدادی سرگرمیوں کے ذریعے عوام الناس کی جان بچانے کا مثالی فریضہ انجام دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے فوج کی مثالی خدمات پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہی۔اے پی ایم ایل کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق پرویز مشرف نے اے پی ایم ایل کے تمام عہدیداران و کارکنان کو سیلاب متاثرین کی امدادو بحالی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اس سلسلے میں افواج پاکستان سے مکمل تعاون کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف قومی انتخابات میں اب مزید تاخیر ملک و قوم کیلئے نقصانات و تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔