این اے 246 کے ضمنی انتخاب کیلئے ایم کیوایم اور تحریک انصاف میں معاملات طے پاگئے

MQM And PTI

MQM And PTI

کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی کوششوں سے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے لئے ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے دونوں جماعتوں کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے بعد سے صورتحال کشیدہ ہو گئی تھی، جس کے خاتمے کے لئے الطاف حسین نے پہل کی اور پھر انہوں نے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے رابطہ کرکے اجلاس طلب کیا تاکہ ضمنی انتخاب کا عمل جمہوری اور اپر امن انداز میں مکمل ہو۔ اس سلسلے میں انہوں نے تجویز دی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کیا جائے، اس کے علاوہ دونوں جماعتوں کے درمیان بھی رابطے رہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہوسکے،

انہوں نے دونوں جماعتوں کو یہ تجویز بھی دی ہے کہ جلسوں کے دوران سیاسی قائدین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال نہ کئے جائیں کیونکہ اسی کی وجہ سے کارکنوں میں اشتعال پھیلتا ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ این اے 246 کی انفرادی طور پر کوئی اہمیت نہیں لیکن ہم کراچی میں خوف کی فضا کے خاتمے کی کوشش کررہے ہیں اور پرامن طریقے سے انتخاب میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ گورنرسندھ نے معاملات حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے جس پر وہ تحریک انصاف کی طرف سے گورنر سندھ کی کوششوں جب کہ الطاف حسین کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ جمہوریت سیاسی جماعتوں کےعمل کی وجہ سے چلتی ہے،ہر سیاسی جماعت کے صدر دفتر کی قدر کی جانی چاہیے، الطاف حسین جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں،انہوں نے معاملے کےحل کے لئے اہم کردارادا کیا،الطاف حسین کے بیان کے بعد ہمیں جلسے کی جگہ پر کوئی اعتراض نہیں، تحریک انصاف جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرناچاہتی ہےتو خوش آمدید کہیں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ ان کی جماعت جناح گراؤنڈ پر جلسہ ضرور کرے گی، جناح گراؤنڈ میں شہدا کی یادگار ہے جو کراچی ہی کے بچوں کی یاد میں بنائی گئی ہے۔ پارٹی کے رہنما اس کا تقدس ہر حال میں برقرار رکھیں گے۔ سیاسی جلسوں میں سیاسی تنقید تو ہر صورت ہوگی تاہم جلسوں میں الفاظ کے چناؤ سے متعلق جو معاہدہ ہوا ہے اس کا خیال رکھا جائے گا۔