ٔانتخابات میں قوم کا کردار قابل توصیف اور اصلاح و بہتری کی ضمانت ہے ,عمران چنگیزی
Posted on May 11, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : انتخابات کی شفافیت و غیر جانبداری پر اٹھائے جانے والے سوالات انتخابی انتظام کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات وبائیکاٹ سے قطع نظر سے آج پاکستانی قوم نے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین وتوصیف ہونے کے ساتھ عوام کے شعور کی نشاندہی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے کردار کی ادائیگی کی جانب پیشقدمی کا ثبوت ہے۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ تمام تر خدشات و خطرات کے باجود عوام الناس سے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیکر ”انقلاب و تبدیلی ” کی بنیاد رکھ دی ہے ۔فتح کس کا مقدر بنتی ہے اور شکست کس کے حصے میں آتی ہے۔ کس کا بلا کس کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر لے جاتا ہے یا کون کس کی وکٹ اڑاتا ہے۔
ان تمام باتوں سے قطع نظر عوام کی انتخابی عمل میں دلچسپی انقلاب اور پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور انشاء اللہ بہت جلد اس ملک کو ان تمام استحصالیوں سے نجات مل جائے گی جو قوم کو انتشار میں بانٹنے ‘ عوام کو مارنے اور ملکی دولت کو لوٹنے کے ذمہ دار و قومی مجرم ہونے کے ساتھ ہمارے اور ہماری نسلوں کے مستقبل کے دشمن ہیں۔