لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اگر ایک دن یا ایک گھڑی بھی الیکشن آگے گئے تو قوم سڑکوں پر ہوگی۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کچھ نہ کرکے صوبے کا سرشرم سے جھکا دیا، عمران خان کہتے تھے کہ نیا پاکستان بنائیں گے لیکن آپ نے تو کچھ نہیں کیا اگر خیبرپختونخوا میں ترقی ہوئی ہوتی تو پشاور،سوات،مردان میں ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ نہ آتے۔
نوازشریف نے کہا کہ عمران خان نے آصف زرداری کو سب سے بڑی بیماری قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ نہ بیٹھنے کا اعلان کیا تھا لیکن لاہور میں طاہر القادری نے جو دھرنے کا ڈراما رچایا اس پلیٹ فارم پر عمران خان اور زرداری دونوں موجود تھے،وہ الگ بات ہے کہ عمران خان اور زرداری کی آمد میں ایک دو گھنٹے کا فرق تھا لیکن دونوں نے ایک ہی جگہ خطاب تو کیا۔
سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک ایسے شخص کو چیئرمین سینیٹ بنادیا گیا جس کو ان کا ہمسایہ تک نہیں جانتا، بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت تبدیل کردی گئی یہ سب کیسے ہوا وہ کون سی طاقتیں تھیں جس نے یہ سب کیا، سینیٹ ملک کا سب سےبڑا قانون ساز ادارہ ہے اس کے ساتھ کس نے کھلواڑ کیا۔ انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی کی خریدو فروخت ہوئی ،انتخابات میں اربوں روپے چلے، کون بکا اور کس نے ووٹ خریدا، عمران خان کے ارکان بھی بکے ہیں،ایم پی ایز بکنے کے باوجود عمران خان نے تیر پر مہر لگوائی، ان سب کا جواب دینا پڑے گا۔
نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی نااہلی سے دو دن پہلے کس نے عمران خان کو بتایا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے ،قوم یہ سب جاننا چاہتی اور جواب مانگتی ہے کون یہ سب آپ کو بتا رہا تھا۔