لاہور (جیوڈیسک) عام انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے، حمزہ شہباز، مریم نواز، یاسمین راشد، عابد شیر علی، خواجہ آصف، عثمان ڈار اور شاہ محمود کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ پی ٹی آئی رہنما اسلم بھروانہ نااہل اور خواجہ اظہار کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے۔
لاہور کے حلقہ این اے 125 سے ن لیگی امیدوار مریم نواز کے کاغذات پر تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں منظور کر لیا گیا۔ اسی حلقے سے تحریکِ انصاف کی یاسمین راشد کے نامزدگی فارم بھی درست قرار دے دیئے گئے۔
ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود تین کمپنیاں چھپانے پر سیالکوٹ کے حلقہ این اے 72 سے پی ٹی آئی کی امیدوار فردوس عاشق کے نامزدگی فارم پر اعتراض لگ گیا، ان کے مد مقابل ن لیگ کے امیدوار کی بھی تین کمپنیاں نکل آئیں، ریٹرنگ آفیسر نے دونوں سے کل تک جواب مانگ لیا۔
این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف اور پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کے کاغذات منظور کر لیے گئے۔ اقامہ ظاہر نہ کرنے پر بورے والا کے حلقہ این اے 162 سے تحریکِ انصاف کی عائشہ نذیر جٹ کے کاغذات پر بھی اعتراض لگ گیا۔
جھنگ کے حلقہ پی پی 127 سے تحریکِ انصاف کے اسلم بھروانہ کو 62 ایف ون کے تحت نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے، اسی حلقے سے نوید احمد خان اور سید شہریار سلطان کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 247 سے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے۔ این اے 242 کے ریٹرننگ افسر نے غلطی سے 243 کے کاغذات وصول کر لئے تھے۔ این اے 243 اور 244 سے رؤف صدیقی کے کاغذات درست قرار پائے۔ بدین میں این اے 230 سے گرینڈ ڈٰیمو کریٹک الائنس کی امیدوار فہمیدہ مرزا کے کاغذات بھی منظور کر لئے گئے۔