انتخابات میں صدر کے خلاف سیاسی جماعتوں کے الزامات کو روکا جائے, سردار لطیف کھوسہ

Sardar Latif Khosa

Sardar Latif Khosa

پاکستان(جیوڈیسک)پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ نے الیکشن کمیشن اور نگران وفاقی حکومت سے انتخابات میں صدر آصف علی زرداری کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کے الزامات کو روکا جائے یا انہیں سیاست میں حصہ لینے دیا جائے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ صدر مملکت وفاق کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عدلیہ صدر کے خلاف الزام تراشی نہیں روک سکتی تو انہیں سیاست میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنا دفاع کرسکیں۔ سردار لطیف کھوسہ نے عوامی نیشنل پارٹی، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو درپیش سکیورٹی خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تینوں سیکولر جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا سیکولر جماعتوں کے حمایتی ووٹرز کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ جس سے ان جماعتوں کے امیدوار اپنی انتخابی مہم کو مناسب طریقے سے چلانے کے قابل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری صوبائی سطح پر ہونے والے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ لیکن یہ وڈیو خطاب ہوگا یا وہ خودموجود ہوں گے اس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔

انہوں نے پنجاب کے سیکرٹری ایجوکیشن سکولز کے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی جماعتوں اورامیدواروں کو نااہل قراردیا جائے۔