عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم: ووٹوں کی گنتی شروع

Elections Counting

Elections Counting

راولپنڈی (جیوڈیسک) ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا تاہم پولنگ اسٹیشنز کے احاطے میں موجود ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

عام انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 سے شام 6 بجے تک جاری رہی جس کے لیے کئی حلقوں پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں۔

قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں اور صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں کے لیے ملک بھر سے 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 رجسٹرڈ ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جانا تھا۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 8 حلقوں پر انتخابات ملتوی کیے گئے جہاں الیکشن اب بعد میں ہوں گے۔

جن حلقوں میں آج انتخابات نہیں ہوئے، ان میں قومی اسمبلی کے دو حلقے این اے 60 راولپنڈی اور این اے 103 فیصل آباد جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے حلقے پی کے 78 پشاور، پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان، پی پی 87 میانوالی، پی پی 103 فیصل آباد، پی ایس 87 ملیر اور پی بی 35 مستونگ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 کشمور سے میر شبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔