اسلام آباد (جیوڈیسک)امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک میں آ ئندہ انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کی جارہی ہے،تحریک تحفظ پاکستان سمیت دیگر جماعتوں سے مل کر انتخاب لڑ کر ملک کو چوروں اور لٹیروں سے نجات دلوائیں گے۔
اسلام آباد میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک تحفظ پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر امیدوارسامنے لانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں نگراں حکومت سمیت،بلوچستان اور سندھ کی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
تاہم خیبر پختون خواہ اور پنجاب میں ملک کی دیگر بڑی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی مذاکرات جاری ہیں جن کے بارے میں تین سے چار روز میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ جس کے بعدالیکشن مہم تیز کرتے ہوئے انتخابات کی تیاری کی جائے گی۔
منور حسن مزید کہا کہ بلوچستان میں حالات کی سنگینی دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا ہے کہ انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کی جا رہی ہو،معاملات حل کرنے کی بجائے وزیر داخلہ ملک حبیب متضاد بیانات دے رہے ہیں اور نگراں صوبائی حکومت حالات کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ ملک حبیب اپنے بیان پر میڈیا کانفرنس کر کے صورت حال جلد از جلد واضح کریں۔