اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران رقم کا بے دریغ استعمال روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، جلسے جلوسوں پر پابندی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ نواز ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔ سردار رضا خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے اقدامات کا الیکشن کمیشن کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اختیار ہے کہ انتخابی اخراجات کی نگرانی کرے، رقم کا بے دریغ استعمال روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
سردار رضا خان نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں پر امن انتخابات کے لیے جلسے جلوسوں پر پابندی ہونی چاہیئے ۔ سردار رضا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتخابی ضابطہ اخلاق تیار کیا ہے۔