اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کے پولنگ بیگز سے فارم 15 نکالنے کا طریقہ کار کیا ہو گا اور کتنا وقت درکار ہو گا؟ الیکشن کمیشن کے لاجسٹک ماہر اور سیاسی جماعتوں کے وکلا آج تفصیلات طے کرنے کیلئے طلب کر لئے گئے ہیں۔
گزشتہ روز چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں مبینہ منظم دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن کا اجلاس ہوا ۔ تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ نے کہاکہ انکوائری کمیشن پولنگ بیگز کھول کر فارم 15حاصل کرنے کا حکم جاری کرے۔الیکشن کمیشن کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تمام ریکارڈ اضلاع کی سطح پر پڑا ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل نے استدعا کہ جوڈیشل افسران پر مشتمل مقامی کمیشن تشکیل دئیے جائیں، جن کی نگرانی میں تھیلے کھول کر فارم 15نکالے جائیں۔ کمیشن کے رکن جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہاکہ آپ پہلے ہی جوڈیشل افسران پر اعتراضات کرتے رہے ہیں ، اب پھر جوڈیشل افسران کو اس کام میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
جسٹس ناصرالملک نے کہاکہ قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کے فارم 15پہلے مرحلے میں حاصل کیے جائیں مگر یہ ایک طویل اور مشکل کام ہے، اس کیلئے کتنا وقت درکار ہوگا ، الیکشن کمیشن کے لاجسٹک ماہر اور سیاسی جماعتوں کے وکلاء آج انکوائری کمیشن کے چیمبر میں تفصیلات طے کرلیں۔ فارم 15 میں بیلٹ پیپرز کی تعداد اور استعمال کی تفصیلات ہوتی ہیں۔