اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے سامنے الیکشن کمیشن کے مسودہ قانون میں انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی حد 5 ہزارسے 5 لاکھ تک لے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی فیس بھی صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لیے 2 ہزارسے بڑھاکر 25 ہزاراورقومی اسمبلی کے امیدوار کیلیے 4 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزارکرنے کی سفارش کی ہے، ذیلی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس منگل کو کنوینر زاہد حامد کی زیر صدارت ہوا۔
پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے متعلق ریٹرننگ افسران کا صوابدیدی اختیار ختم کرنے کی سفارش کر دی۔
عام انتخابات میں اضافی بیلٹ پیپرز کی تعداد کا تعین الیکشن کمیشن کرے گا۔ کمیٹی نے جعلی ووٹ ڈالنے والے شخص کے خلاف الیکشن کمیشن کو تحقیقات اور سزا کا اختیار دے دیا۔