انتخابی اصلاحات کمیٹی، سینیٹ کو ایک تہائی، قومی اسمبلی کو دو تہائی نمائندگی دینے پر اتفاق

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے معاملات طے پاگئے، سینیٹ کو ایک تہائی جبکہ قومی اسمبلی کو دو تہائی نمائندگی دی جائے گی۔

پارلیمنٹ ہاﺅس میں چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مشترکہ صدارت میں پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق معاملات طے پاگئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا کو بتایا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا معاملہ طے پاگیا، کمیٹی کے ارکان کی تعداد 33 ہوگی، ایک تہائی نمائندگی کے تحت سینیٹ کے ارکان کی تعداد 11 جبکہ دو تہائی نمائندگی کے مطابق قومی اسمبلی کے ارکان کی تعداد 22 ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کمیٹی کے نام دوبارہ دے گی، اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک ہفتے میں نام دیں گے جبکہ سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور قومی اسمبلی میں حکمران جماعت کے چیف وہپ شیخ آفتاب احمد کمیٹی میں شامل کرنے کیلئے حکومتی ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ آئندہ 2، 3 دنوں میں انتخابی اصلاحات سے متعلق کمیٹی تشکیل پاجائے گی جس کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔