اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کمیٹی 6 سے 8 ہفتوں میں اصلاحات مکمل کر لے گی، حلقہ بندیوں، انتخابی فہرستوں اور الیکشن کمیشن کے حوالے سے اصلاحات پر کام مکمل کر لیا ہے۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہوا، جس میں ذیلی کمیٹی کے اجلا سوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بعد میں میڈیا بریفنگ میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی نے پانچ قوانین پر انتخابی اصلاحات کو حتمی شکل دے دی ہے، ذیلی کمیٹی نے حلقہ بندیوں، انتخابی فہرستوں، الیکشن کمیشن آرڈر اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ سے متعلق قوانین پر ترامیم کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ عوامی نمائندگی ایکٹ، سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کام شروع کردیا گیا ہےاور 6 سے 8 ہفتوں میں انتخابی اصلاحات سے متعلق شفارشات مکمل کر لی جائیں گی۔