انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کیلئے سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے، چیف الیکشن کمشنر

Mohammad Reza Khan

Mohammad Reza Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان سے ملاقات کی اور انہیں پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی اصلاحات اور بائیو میٹرک سسٹم کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، پیپلز پارٹی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملک میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی بھی درخواست کی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی الیکشن کمیشن کے دیگرارکان پر تحفظات ہیں اس لئے متنازع ہونے کے بعد دیگر ارکان کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیئے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگرارکان کے اختیارات برابر نہیں ہونے چاہیئیں، چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ بڑا ہے لہذا ان کے اختیارات بھی زیادہ ہونے چاہیئیں۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی اصلاحات اور بائیو میٹرک سسٹم میں تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔