انتخابی اصلاحات، اپوزیشن جماعتوں کا مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ چند روز میں پارلیمانی لیڈر دوبارہ ملاقات کریں گے۔ تمام جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے تجاویز اپوزیشن لیڈر کو دیں گی۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے انتخابی قوانین کا مطالبہ ہم بھی کرتے رہے ہیں۔ اسی پر حکومت نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا موقف تھا کہ ان کے دباؤ پر کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔

اور پیپلز پارٹی کا بھی موقف ہے کہ انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں۔ تمام جماعتوں کے مطابق قرارداد کی کاپی ملنے کے بعد لائحہ عمل طے کریں گے اور اس کے بعد تمام پارلیمانی لیڈر اپنی جماعتوں سے کمیٹی میں شامل ہونے یا نہ ہونے کی مشاورت کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کی مدت 5 سے کم کرکے 4 سال کرنی چاہئے اور انتخابی اصلاحات پر دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو طاہر القادری کو نہیں روکنا چاہئے۔ جلسے جلسوں میں حکومتیں نہیں جاتیں۔ جلسے جلوس کوئی سازش نہیں سیاسی سرگرمیاں ہیں۔