بجلی کے بھاری بھر کم بل نے غریب شہری کی جان لے لی

Arshad

Arshad

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) بجلی کے بھاری بھرکم بل نے غریب شہری کی جان لے لی، شہری نے دل برداشتہ ہوکر زہریلی دوا پی کر اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا، تفصیلات کے مطابق متوفی کو واپڈا کی جانب سے بھاری بل موصول ہوا بار بار واپڈا دفتر کے چکر لگائے مگر شنوائی نہ ہوئی دلبرداشتہ ہو کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

متوفی کی چھوٹی چھوٹی بچیاں ہیں، ٹیکسلا کے ایک کسان ارشد ولد علی محمد جو کہ حاجی سعید اختر کی دس کنال زمین پر کاشتکاری کرتا تھا زرعی ٹیوب ویل کے میٹر کے360یونٹ کابجلی بل واپڈا نے ایک لاکھ چار ہزار بھیج دیا ،متوفی نے واپڈا آفس سے رابطہ کیا اور کئی بار چکر لگانے کے باوجود بل درست نہ کیا گیا ایک کلرک سے لیکر ایکسئین تک متوفی نے رسائی حاصل کی مگر بل پھر بھی درست نہ ہوا الٹا واپڈا اہلکاروں نے بجلی کا بل درست کرنے کے لئے رشوت مانگ لی، ارشد محمود جوکہ پہلے ہی غربت کی وجہ سے سخت پریشان تھااس نے دلبرداشتہ ہو کر گھر میں موجود فصلوں پر سپرے کی جانے والی کیڑے مار دواپی لی جب اسکی حالت غیر ہونے لگی تو اسے فوری طور پر کرسچین ہسپتال لایا گیا۔

جبکہ بعد ازاں حالت بگڑنے پر اسے سول ہسپتال راولپنڈی پہنچایا گیا جہاں وہ ایک دن موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہونے کے بعد چل بسا ، بتایا جاتا ہے کہ متوفی کی چھوٹی چھوٹی بچیاں ہیں، واضح رہے کہ ہر ماہ واپڈا کی جانب سے ائوور بلنگ کی جاتی ہے اور ایک سو سے لیکر دو سو یونٹ تک کا بل چار تاچھ ہزار صارفین کو ملتا ہے اور صارفین ہر ماہ بل درست کرانے جاتے ہیں جبکہ دن میں آٹھ گھنٹے بجلی ہوتی نہیں اور صارفین کو ہزاروں روپے اضافی ڈال دئیے جاتے ہیں متوفی ارشد محمود کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا غریب کاشتکار ارشد کی موت سے اسکی چھوٹی چھوٹی بچیوں اور بیوہ کا رہا سہا سہارا بھی چھن گیا۔

ڈاکٹر سید صابر علی
تحصیل رپورٹر ٹیکسلا
موبائل نمبر0300-5128038