بجلی کمپنیاں صارفین سے ٹیکس لے کر دے نہیں رہیں، ایف بی آر

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی طرف سے 15 ہزار روپے ماہانہ سے زائد بل رکھنے والے نان رجسٹرڈ صنعتی و کمرشل صارفین سے بجلی پر 5 فیصد اضافی اور 1 فیصد مزید ٹیکس کی مد میں وصول کردہ کروڑوں روپے قومی خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

جس سے ایف بی آر کوریونیو کی مد میں بھاری نقصان ہورہا ہے۔ اس ضمن میں دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کے کمشنر ان لینڈ ریونیو پراجیکٹ ڈائریکٹرکریسٹ عاصم مجید خان کے دستخط سے جاری ہونے والے لیٹر میں یہ انکشاف کیا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں لیکن گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) کی طرف سے نہ صرف نان رجسٹرڈ صنعتی و کمرشل صارفین سے بجلی پر 5 فیصد اضافی اور 1 فیصد مزید ٹیکس کی مد میں صارفین سے وصول کردہ ٹیکس واجبات جمع نہیں کرائے بلکہ جنوری 2014 کے پیریڈ کیلیے فروری میں گوشوارے بھی جمع نہیں کرائے گئے۔

مذکورہ لیٹر میں بتایا گیا کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)، کراچی الیکٹرک (کے ای)، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیپکو)، سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) کی طرف سے 15 ہزار روپے ماہانہ سے زائد بل رکھنے والے نان رجسٹرڈ صنعتی و کمرشل صارفین سے بجلی پر 5 فیصد اضافی اور 1 فیصد مزید ٹیکس کی مد میں وصول کردہ ٹیکس کی مد میں واجبات ایف بی آر کو جمع تو کرائے گئے ہیں مگر یہ رقم اس سے بہت کم ہے جو ان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے صارفین کے بلوں میں شامل کی گئی ہے۔