بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ نون نے توانائی بحران حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں شروع کر دی ہیں۔ نواز شریف نے بحران جنگی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ نگران وزیر پانی و بجلی نے لاہور میں مسلم لیگ نون کے صدر سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف توانائی بحران کے حل میں سنجیدہ ہیں تاہم محکمے کی ملی بھگت سے ہونے والی بجلی چوری کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہو گا۔

لاہور مسلم لیگ ن کی قیادت نے اقتدار سنبھالنے سے قبل ہی توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جاتی امرہ رائیونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی سربراہی میں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں میاں شہباز شریف ، چوہدری نثار علی خاں ، اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی اجلاس میں توانائی بحران ، سرکلر ڈیٹ اور لوڈشیڈنگ میں کمی کے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس بات پر زور دیا گیا کہ بقایاجات کی وصولی کے لیے بھر پور مہم چلائی جائے گی۔ ن لیگ کی قیادت نے نگران وزیر پانی و بجلی مصدق ملک سے بھی ملاقات کی اور ان سے تجاویز طلب کیں میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بحران کی ذمہ دار نیشنل پاور اینڈ پرچیز کمپنی ہے پانی اور بجلی کے محکمے میں کرپشن کے انبار لگائے گئے ہیں اور سالانہ دو سو ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے۔

مصدق ملک نے کہا نیپرا رولز کے مطابق 135 جبکہ عالمی قواعد کے مطابق 215 بلین روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ میاں نواز شریف نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے
کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا جبکہ 500 ارب روپے کے سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات بھی کئے جائیں گے۔